معین خان کی پاکستان نہ آنے والے کھلاڑیوں پر شدید تنقید

شارجہ ۔16مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے پاکستان سوپر لیگ میں شرکت کرنے والے ان بیرونی کھلاڑیوں کے موقف اور پاکستان دوستی کے دعووں پر سوال اٹھایا ہے جو لاکھوں ڈالرز لے کر پاکستان سوپرلیگ میں شرکت کرتے ہیں لیکن دورہ پاکستان پر آمادہ نہیں ہوتے۔معین کے مطابق ایسے کرکٹرز پاکستان کرکٹ کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ معین خان نے اس صورتحال کا ذمہ دار پاکستان کرکٹ بورڈ کو قرار دیا ہے جو ان کھلاڑیوں کے نام ڈرافٹنگ میں شامل کرتے ہیں۔معین خان نے کہا کہ مجھے پاکستان کرکٹ سے محبت ہے اور میں اپنی لیگ کو خراب نہیں دیکھنا چاہتا لیکن جس طرح غیر ملکی کھلاڑی پاکستان جانے سے انکار کررہے ہیں اس پر پی سی بی کو یقینی طور پر سوچنا چاہیے۔ ایسے کھلاڑیوں کے بجائے صرف ان کے نام ڈرافٹنگ میں رکھنا چاہیے تھے جو شروع سے پاکستان جانے کی یقین دہانی کرواتے ہوں۔ اب کیون پیٹرسن اور مورگن کے علاوہ کئی بیرونی کھلاڑی پاکستان کے دورہ سے انکارکرتے ہوئے لیگ کو خراب کررہے ہیں۔ آئندہ ایسے کرکٹرس کو پاکستان سوپر لیگ کے لئے مدعو نہ کیا جائے۔ معین خان نے کہا مشتبہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے پاکستانی اسپنرز سعید اجمل اور محمد حفیظ پر پابندی لگ گئی لیکن سنیل نارائن مسلسل نو میچ کھیل چکے ہیںکسی امپائر یا میچ ریفری نے ان کے ایکشن پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ سنیل نارائن کوئٹہ کے خلاف میچ میں مسلسل کھینچ کھینچ کر گیندیں کرارہے تھے کسی نے ان کے ایکشن کو رپورٹ نہیں کیا۔ میں نے اتنی کرکٹ کھیلی ہے میری نظر میں نارائن کا بولنگ ایکشن صد فیصد مشتبہ ہے۔