کراچی۔ 12؍فبروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین معین خان کو ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ عامر سہیل کو چیف سیلیکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔جونیئر سیلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد الیاس اور کراچی کی ریجنل اکیڈمی کے کوچ باسط علی بھی برطرف کر دئے گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ عامر سہیل کو کوئی مکتوب ہی جاری نہیں کیا گیا تھا لہٰذا ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا۔ ظہیرعباس بیٹنگ مشیر کے طور پر غیرملکی دوروں پر جائیں گے۔ یہ تمام فیصلے نجم سیٹھی کی صدارت میں قائم کی گئی انتظامی کمیٹی نے اپنے پہلے اور تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے طویل اجلاس میں کئے۔ معین خان کو کوچ بنانے کا فیصلہ اس چار رکنی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے جو نئے کوچ کا انتخاب کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی نے وقاریونس اور معین خان کے ناموں کو مختصر فہرست میں شامل کیا تھا۔کمیٹی کو تقریباً 25 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں کوئی بھی غیرملکی شامل نہیں تھا۔معین خان نے اس سے پہلے کوچنگ نہیں کی ہے،
لیکن انہیں بین الاقوامیکرکٹ کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ گذشتہ سال پاکستانی ٹیم کے مینجر بنائے گئے تھے اور انہوں نے اپنی خوشدلی اور عمدہ رویے کے سبب ڈریسنگ روم میں انتہائی خوشگوار ماحول قائم کرنے کے ساتھ میڈیا اور ٹیم کے درمیان اچھے روابط میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔سابق ٹسٹ کرکٹر شعیب محمد پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اور محمد اکرم بولنگ کوچ ہوں گے۔حیران کن یہ بھی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں اور محمد اکرم کے معاہدے میں دو سال کی توسیع کردی اور نئی کمیٹی نے بھی انہیں برقرار رکھا ہے۔