کارپوریٹر پر معمول طلب کرنے کا الزام ۔ مقامی عوام کو مسائل پیش آنے کارپوریٹر کا ادعا
حیدرآباد /30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ ریاست نگر میں ہفتہ واری بازار کے مسئلہ پر آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب مقامی کارپوریٹر نے بازار کھلنے سے قبل ہی بند کروادیا ۔ ریاست نگر ڈیویژن کے فتح شاہ نگر معین باغ میں گذشتہ 3 سال سے جاری اس ہفتہ واری بازار پر حالیہ دنوں سے مقامی کارپوریٹر اعتراض کر رہے ہیں تاہم دوسری طرف تاجرین مقامی کارپوریٹر جبراً معمول طلب کرنے کا الزام لگا رہے ہیں اور چند دنوں سے اس علاقہ میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ یہاں بازار ہر جمعہ کے روز لگایا جاتاہے ۔ حالات کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور بھاری پولیس جمعیت کو طلب کرتے ہوئے فتح شاہ نگر میں تعینات کردیا ۔ پولیس کی بھاری جمعیت اور گروپ میٹنگوں کے سبب عوام میں سنسنی پیدا ہوگئی اور ان تمام حالات کو مارکٹ پر کنٹرول قائم کرنے اور اپنی برتری اور سیاسی دبدبہ کی کوششیں قرار دیا جارہا ہے ۔ مجلس بچاؤ تحریک اور مجلس کے کارکنوں میں ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ بازار میں دوکانات لگانے والے تاجرین بالخصوص ترکاری فروشوں کا الزام ہے کہ کارپوریٹر کے نام پر انہیں دھمکایا جارہا ہے اور کاروبار کے عوض معمول دینے پر زور دیا جارہا ہے ۔ تاہم پولیس ان الزامات کو مسترد کرتی ہے ۔ گذشتہ 3 ماہ سے جاری بے چینی آج بازار بند ہونے کا سبب بن گئی ۔ درجنوں تاجرین کے ہمراہ مجلس بچاؤ تحریک کے سابق کارپوریٹر امجد اللہ خالد نے ڈی سی پی ساؤتھ زون سے ملاقات کرکے سفارش کی تھی اور ان تاجرین کو مقامی کارپوریٹر سے راحت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ایم بی ٹی قائدین نے مقامی کارپوریٹر پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں کہ کارپوریٹر اس مارکٹ کے تاجرین سے معمول حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس میں ناکامی کے سبب وہ بازار کو بند کروانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انچارج ایم بی ٹی ریاست نگر ایم اے حبیب نے بتایا کہ اس بازار میں تقریباً 300 دکانات لگائے جاتے ہیں جن میں ترکاری کے بشمول ضروریات زندگی کی ہر شئے دستیاب رہتی ہے ۔ بازار کے سبب مسجد اسکول اور محلے کے افراد کو کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ تاہم دوسری طرف مقامی کارپوریٹر سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ اس بازار کے سبب علاقہ میں ٹریفک کے مسائل ہیں اور مصلیوں کے علاوہ محلے کے افراد کو بھی پریشانی کا سامنا ہے اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات بھی پیدا ہو رہے ہیں ۔ مقامی کارپوریٹر نے بھی اس سلسلہ میں ڈی سی پی ساؤتھ زون سے ملاقات کرکے درخواست کی کی ۔ اس معاملہ میں ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے کہا کہ ریاست نگر میں مارکٹ کے مسئلہ پر فریقین کی جانب سے درخواست حاصل ہوئی ہیں ۔ تاہم بازار بلدیہ کا مسئلہ ہے لیکن کسی قسم کے اعتراض اور امن و ضبط کی صورتحال پر پولیس مداخلت کریگی اور قانون کے دائرے میں اقدامات کئے جائیں گے ۔