معین آباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معین آباد منڈل مستقر کے مختلف علاقہ جات میں برقی تاروں کی صحیح طور پر نگہداشت نہ ہونے کی وجہ سے برقی تار زمین کی جانب اترتے نظر آرہے ہیں۔ بعض مقامات پر برقی تار زمین کے اس قدر قریب ہوگئے ہیں کہ کھیتوں میں کام کرنے والے زرعی کسان برقی تاروں کی زد میں آسکتے ہیںاور ان کی جانوں کو خطرہ لاحق نظر آتا ہے۔ رہائشی علاقوں میں مکانات کی چھتوں کے قریب برقی تار ہونے کی وجہ سے مکینوں کی جانوں کو بھی خدشہ ہے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کی توجہ اس جانب ضروری ہے تاکہ عوامی جانوں کی حفاظت ہوسکے۔
حالت نشہ میں گر کر ایک شخص فوت
بھینسہ۔/3ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لولیشورم منڈل کے موضع پیری کے ایس سی طبقہ کا اگریکلچرل کولی نشہ کی حالت میں گر کر فوت ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب راچراجیون 35سالہ پیری موضع کا اگریکلچر کولی تھا۔ متوفی کو دورہ آتے تھے اور یہ نشہ کا عادی تھا۔ نشہ کی حالت میں وہ گر پڑا اور برسر موقع فوت ہوگیا۔ نعش کاپوسٹ مارٹم بھینسہ سرکاری دواخانہ میں کیا گیا اور لوکیشورم انچارج سب انسپکٹر نریش بابو نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
سرکل انسپکٹر شاد نگر کا تبادلہ
شاد نگر۔/3ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر ٹاؤن سرکل انسپکٹر شریمتی نرملا کا تبادلہ رنگاریڈی ضلع مہیلا پولیس اسٹیشن کیا گیا۔ جبکہ شاد نگر ٹاؤن کے نئے سرکل انسپکٹر کی حیثیت سے شنکر ایا کو مقرر کیا گیا۔ شاد نگر ایس آئی بی نرسملو کا تبادلہ کرتے ہوئے کیشم پیٹ ایس آئی مقرر کیا گیا۔