معیشت کی توسیع سے خسارہ پر قابو پانے جیٹلی کا منصوبہ

نئی دہلی۔8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اپنا اولین عام بجٹ پیش کرنے سے پہلے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ مالی خسارہ پر قابو پانے کے لئے معیشت میں توسیع اور ٹیکسوں کی وصولی میں اضافہ پر زیادہ یقین رکھتے ہیں، اخراجات میں کمی کرنے پر نہیں۔ وہ راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران مالی کفایت شعاری کے بارے میں ضنی سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مالی خسارہ بے قابو ہوجائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک موجودہ اخراجات کیلئے قرض حاصل کررہا ہے، اس سے قرض کی روایت قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی خسارہ کو قابل قبول سطحوں تک ہونا چاہئے، تاہم انہوں نے 2014-15ء مالی سال کیلئے بجٹ کے نشانہ انکشاف کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ وہ شخصی طور پر مالی خسارہ میں کمی کے لئے معیشت میں توسیع ٹیکسیس کی وصولی میں اضافہ پر یقین رکھتے ہیں۔