معیشت کو دوبارہ فروغ کی راہ پر لانے حکومت کے اقدامات کا ادعا، پرنب مکرجی کا بیان

نئی دہلی۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج اعتماد ظاہر کیا کہ حکومت کے پالیسی اقدامات جلد ہی ہندوستانی معیشت کو بلند فروغ کی راہ پر ڈال دیں گے اور شرح ترقی 7 تا 8 فیصد ہوجائے گی۔ انہوں نے اسکوپ ایوارڈس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے احیاء کے مقصد سے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ بڑے معاشی استحکام اور انفراسٹرکچر کے قیام کے لئے حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں، اس سے یقینی طور پر ملک اعلیٰ شرح ترقی کا مقصد حاصل کرلے گا اور شرح ترقی دوبارہ 7 تا 8 فیصد ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی سے معیشت کی بحالی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ معیشت جاریہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 5.7 فیصد شرح ترقی حاصل کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان انقلابی تبدیلی کے دہانے پر ہے اور انہیں یقین ہے کہ کامیابی سے ترقی یافتہ ممالک میں آئندہ 20 سال میں اپنا مقام بنالے گا۔ پرنب مکرجی نے اُمید ظاہر کی کہ افراط زر پر قابو پالیا جائے گا اور مختلف سرکاری پالیسی اقدامات کے نتیجہ میں یہ 5 فیصد کی سطح پر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی میک اِن انڈیا کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس کا مقصد ہندوستان کو پیداوار کا عالمی مرکز بنانا ہے۔