محبوب نگر میں آئیٹا کے اجلاس سے خالد حسین قیصری کا خطاب
محبوب نگر۔/7نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ حالات میں اساتذہ پر ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھتا جارہا ہے ۔ لہذا اساتدہ اپنی صلاحیتوں کو وسعت دیں۔ ان خیالات کا اظہار خالد حسین قیصری ریاستی صدر تلنگانہ آئیٹا نے مستقر محبوب نگر پر آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریاستی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ جدیدٹکنالوجی سے واقف ہوں اور اس کو استعمال کریں۔ طلباء کے معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے ہمہ جہت کوشاں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب تدریسی خدمات انجام دینے والا معلم ہی کامیاب معلم کہلاتا ہے۔ معراج اللہ خان سینئر لکچرر ڈائیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اردو میڈیم کے اساتذہ کو تعلیمی میدان میں عصری ٹکنالوجی کو استعمال کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر وحید نثار سابق ڈپٹی ڈی ای او نارائن پیٹ کو تہنیت پیش کی گئی ۔ موصوف نے اپنے تدریسی تجربات پیش کئے۔ ڈاکٹر جہانگیر علی اسسٹنٹ پروفیسر نلگنڈہ ڈگری کالج نے بھی مخاطب کیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر سید فرید الدین اور اطہر احمد پی آر ٹی یو نے بھی مخاطب کیا۔ پروگرام کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ صدر ضلع آئیٹا اطہر محی الدین نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ محمد اسمعیل اے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ کلیم الدین جنرل سکریٹری آئیٹا نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر طاہر جعفر سوٹا، محمود الحسن، عبدالرب صدر مدرس معراج اللہ ، اکرم درانی، اساتذہ عبدالخالق، خواتین اساتذہ شمیم فاطمہ، شبانہ بیگم، شہناز فاطمہ، خواجہ بیگم و دیگر موجود تھے۔