محبوب نگر۔/15فبروری،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سماج میں ہر شخص کیلئے تعلیم لازمی ہے۔ تعلیم سے جہاں معلومات میں اضافہ ہوتا ہے وہیں سوسائٹی میں باعزت مقام حاصل ہوتا ہے اوراس سے غریبی دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناگیشور ایم ایل سی نے عالمپور میں یوٹی ایف کے زیر اہتمام منعقدہ ضلعی سطح کے تعلیمی سمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ایک ایسی طاقت ہے جس سے دنیا میں کہیں بھی عزت ملتی ہے اور حوصلہ بڑھتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ معیار تعلیم کو بلند کرنے اقدامات کرے۔ انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ اسکولس میں کمپیوٹرس کیلئے 139 کروڑ روپئے فراہم کئے گئے لیکن وہ رقم جوں کی توں محفوظ ہے۔ سمینار کی صدارت یو ٹی ایف کے ضلع صدر تپنا نے کی۔ ناگیشور نے مزید کہا کہ راجیو ودیا مشن کے تحت 132کروڑ کے بجٹ میں سے صرف 5کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ انہوں نے اقلیتی ہاسٹلس کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پریو ٹی ایف کے ریاستی صدر نرسی ریڈی نے کہا کہ اسکولس میں دی جانے والی تعلیم سے طلباء کو بہتر انداز میں ذہن نشین کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں 68فیصد گورنمنٹ اسکولس اور 32فیصد خانگی اسکولس ہیں۔ انہوں نے سارے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایس ایس سی کے شاندار نتائج کیلئے کوشاں رہیں۔ سمینار میں اساتذہ کی کثیر تعداد شریک تھی۔