معیاری تعلیم سے ہی سماج کی ترقی ممکن

کریم نگر /10 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تعلیم کی ترقی پر بھی سماجی ترقی کا انحصار ہے ۔ اس لئے ہر فرد کو تعلیم کی فراہمی کیلئے کام کرنا سبھی کی اولین ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیرپرسن ضلع پریشد کریم نگر ٹی اوما نے یوم بین الاقوامی خواندگی کے موقع پر شعبہ تعلیم بالغان کے زیر اہتمام منظم کردہ خواندگی ریالی کو جھنڈی دکھانے کے بعد منعقدہ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ناخواندگی ترقی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی خواتین تعلیم میں بہت پیچھے ہیں ۔ تعلیم کی افادیت سے انہیں واقف کروانے اور تعلیم کو حاصل کرنے کی ترغیب دئے جانے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں عہدیداروں کو چاہئے کہ شعور بیداری پروگرام کی طرف توجہ دیں ۔ ضلع کلکٹر ویرا برھمیا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صد فیصد خواندگی کا نشانہ مکمل کرنا سماجی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کریم نگر میں خواندگی کا اوسط 64.87 فیصد ہے ۔ مردوں کی خواندگی کا اوسط 74.72 فیصد اور خواتین کی خواندگی کا اوسط 55.18 فیصد ہے ۔ ضلع کریم نگر میں 10,25689 آبادی ناخواندگی ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ان میں سے 3,09537 آبادی کو حروف شناسی سے واقف کروایا گیا ہے ۔ مابقی 7 لاکھ سے زائد افراد کو ہی تعلیم دئے جانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو منصوبہ بنانے کی ہدایت دی ۔ ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر نمیہا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص مرد ہو یا عورت انہیں لکھنا پڑنا سکھانا چاہئے ۔ محکمہ آبپاشی پی ڈی وجئے لکشمی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صد فیصد خواندگی کے نشانہ کو پورا کرنے کیلئے وجئے نگر کو نمونہ بنانے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔ اس پروگرام میں زیڈ پی سی ای او سدانندم ، ضلع پریشد نائب صدر راج ریڈی ، زیڈ پی ٹی سی ارکان شرت راؤ ، نرسا گوڑ اور دیگر قائدین و عہدیداروں نے شرکت کی ۔