معمولی بات پر مسجد کلاں گولکنڈہ کے باہر نوجوان کا قتل

حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) گولکنڈہ کے علاقہ میںایک شخص کا مسجد کے باہر بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ عبدالرزاق نماز ظہر ادا کرنے کے بعد مسجد کلاں سے باہر نکل رہے تھے کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور وہ مسجد کی سیڑھیوں پر ڈھیر ہوگئے۔ عبدالرزاق حملہ سے بچنا چاہتا تھاکہ اس دوران اس کی ہر کوشش ناکام رہی مشتبہ حملہ آور ریاض کے بے رحمانہ حملہ میں عبدالرزاق سیڑھیوں پردم توڑ دیئے اور اس کا خون مسجد کی دیواروں اور سیڑھیوں پر جمع رہا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق معمولی بات پر قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ اس واقعہ کے بعد رسالہ بازار ، جنسی بازار، چھوٹا بازار ،بڑا بازار کے علاوہ گولکنڈہ و ٹولی چوکی علاقوں میں سنسنی پھیل گئی ۔ شدید زخمی حالت میں عبدالرزاق کو گولکنڈہ ایریا ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں علاج کے دوران وہ مردہ قرار دیاگیا تاہم شام 5 بجے تک بھی پولیس قاتل اور قتل کی وجوہات کا پتہ چلا نہ سکی۔ مسجد کلاں کی دونوں جانب راستہ کو بند کردیا گیا جس کے سبب مصلیوں اور راہگیروں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا ۔ مقام واردات سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے کلوز ٹیم مسجد کلاں پہنچ گئی اور کئی گھنٹوں تک اس کا کام جاری رہا ۔ قتل کی اطلاع پاکر اے سی پی آصف نگر ڈیویژن مقام واردات پہونچ گئے اور معائنہ کیا ۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ مسجد کلاں گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے نزد واقعہ ہے اور حملہ کے کافی دیر بعد پولیس کوعلم ہوا ۔ پولیس گولکنڈہ کو ریاض نامی نوجوان پر شبہ ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ریاض ہی عبدالرزاق کا قتل کرسکتا ہے۔ باوثوق درائع کے مطابق مقتول عبدالرزاق مسجد کلاں کے قریب یعنی پولیس اسٹیشن گولکنڈہ اور مسجد کلاں کے درمیان ہے ۔ اس میں ٹرانسفرمر مرمت کا کام کرتا تھا۔ ریاض بھی اسی دوکان میں کام کرتا تھا جس نے گذشتہ تین ماہ قبل ملازمت چھوڑ دی تھی اس دوکان میں مقتول کا ایک بھائی بھی کام کرتا تھا۔ گذشتہ دنوں معمولی بات پر مقتول کے بھائی کو کام سے نکال دیا گیا تھا اس بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا۔ آپسی خصومت بڑھ گئی تھی جو قتل جیسی سنگین واردات کا سبب بن گئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عبدالرزاق جیسے ہی مسجد سے باہر نکلا اس پر حملہ کردیاگیااور قاتل فرار ہونے میںکامیاب ہوگیا۔ گولکنڈہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے اسی دوران ویسٹ زون ٹاسک فورس نے قاتل ریاض کو گرفتار کرلیا ۔