چندرائن گٹہ قتل کیس کے ملزمین کی نشاندہی، انسپکٹر پولیس کا بیان
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں معمولی رقمی لین دین کے معاملات قتل کا سبب بنتے جارہے ہیں۔ کالا پتھر علاقہ میں محسن قتل کیس معاملہ ابھی تازہ ہی تھا کہ کل رات دیر گئے بارکس میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں 27 سالہ ولی سعدی نامی نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ پرانے شہر کے ان دونوں معاملات شہریوں میں تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ ان دونوں معاملات میں قاتل اور مقتول کا ایک ہی طبقہ مسلم معاشرہ سے تعلق مزید حیرت اور تعجب کا باعث بنا ہوا ہے کہ آیا رقمی لین دین میں قتل جیسی انسانیت سوز حرکت رونما ہورہی ہے جو مسلم معاشرہ کیلئے بد نما داغ اور مسلمانوں کے لئے لمحہ فکر بنا ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے صلالہ علاقہ کے ساکن ولی سعدی کا قتل کردیا گیا ۔رات دیر گئے سعدی فیصل اور اس کے ساتھیوں کے ہمراہ بارکس گراؤنڈ میں موجود تھا، چندرائن گٹہ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ سعدی پیشہ سے میوہ فروش تھا اس کے اور فیصل کے درمیان رقمی لین دین کا معاملہ تھا۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر چندرائن گٹہ مسٹر کوٹیشور راؤ نے بتایا کہ کل رات چاقو سے حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا گیا جو زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ انسپکٹر پولیس کے مطابق سعدی کی شادی 6 ماہ قبل ہوئی تھی اور شکایت خود اس کی بیوی کی ہے ۔ پولیس میں دی گئی شکایت کے مطابق پرانی دشمنی ہی قتل کی اصل وجہ سمجھی جارہی ہے۔ کل رات سعدی کو بات چیت کی خاطر بارکس گراؤنڈ طلب کیا گیا تھا اور بات چیت کے دوران بحث وتکرار کے بعدچاقو سے سعدی پر حملہ کیا گیا ۔ پولیس چندرائن گٹہ نے اس قتل معاملہ میں ملوث خاطیوں کی نشاندہی کرلی ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔