معمر جوڑے کا قاتل اندرون 24 گھنٹے گرفتار

ورنگل پولیس کی کارروائی، پولیس کمشنر وشواناتھ رویندر کی پریس کانفرنس
ورنگل۔/20جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل اربن ضلع کے حسن پرتی میں کل رات شوہر اور بیوی کا انتہائی بے دردی سے قتل کیا تھا ۔ ورنگل پولیس کمشنر وشواناتھ رویندر نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حسن پرتی میں دامودھر نامی 60 سالہ شخص اپنی 55 سالہ بیوی پدما کے ساتھ ہائی وے روڈ پر مقیم تھا اور مکان میں ہی کرانہ شاپ چلارہے تھے کل رات ان کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے واردات پہنچ کر تمام تفصیلات حاصل کی۔ کمشنر نے بتایا کہ رات دوکان بند کرنے کے بعد قاتل کے پرشانت 32 سالہ اسی علاقہ کا پچھلے دروازہ سے اندر داخل ہوا تھا پہلے پدما کا قتل کیا اس کے بعد ان کے شوہر دامودھر جو ٹی وی دیکھ رہے تھے سر پر اینٹ سے مارنے کے بعد قتل کی واردات انجام دی ۔ انہوں نے بتایا کہ قاتل پرشانت 15دنوں سے دامودھر کی کرانہ شاپ جاکر ان کے چھوٹے موٹے کاموں میں مدد کرتے ہوئے ان لوگوں کا اعتماد حاصل کیا تھا اس کو گھر کے سب حالات معلوم تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ قاتل بھی پہلے کرانہ شاپ چلارہا تھا اس میں نقصان سے کافی پریشان تھا اور حال ہی میں اس کے والد کا بھی انتقال ہوچکا تھا۔ مالی پریشانیوں کی وجہ سے اس نے یہ واردات انجام دی۔ اس جوڑے کے قتل کی واردات کو پولیس کمشنر نے چیالنج کے طور پر قاتل کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس ٹاسک فورس، سی سی ٹیم ورنگل پولیس کے 6ٹیموں کو تشکیل دیا تھا۔ 6 ٹیموں نے قتل کی واردات کے بعد سے مسلسل تحقیقات کرتے ہوئے مجرم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا۔ اس کے قبضہ سے4.50 لاکھ نقد رقم، 132 گرام سوناایک سیل فون ضبط کیا گیا۔