معلق پارلیمنٹ کی تشکیل خارج از بحث

بی جے پی کو سب سے زیادہ اور کانگریس کو انتہائی کم نشستیں حاصل ہوں گی :اڈوانی
نئی دہلی ۔ /22 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں معلق پارلیمنٹ کی تشکیل کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی جے پی اب تک کے مقابلہ سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی کے ساتھ واحد بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھرے گی ۔ اڈوانی نے غلط حکمرانی اور رشوت ستانی کیلئے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے پیش قیاسی کی کہ آزادی کے بعد سے ہندوستانی سیاست پر غالب رہنے والی سیاسی جماعت کی عددی قوت ایوان میں اپنی کمترین سطح پر پہونچ جائے گی ۔

آئندہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بارے میں ایک سوال پر اڈوانی نے جواب دیا کہ ’’ معلق پارلیمنٹ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ‘‘ ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مرتبہ بی جے پی کے حق میں انتہائی سازگار صورتحال ہے ۔ ایسی فضاء انہوں نے ماضی میں کبھی نہیں دیکھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو آئندہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل ہوں گی جو اس کی تاسیس سے اب تک حاصل نہیں ہوسکی ہیں ۔ اس کے برخلاف کانگریس کو سب سے کمزور ترین جماعت ثابت ہوگی جس کی انتہائی کم نشستیں حاصل ہوں گی جو آزادی کے بعد سے تاحال اتنی کم نشستیں کبھی حاصل نہیں ہوئی ہوں گی ۔ کانگریس کی اس قدر بری حالت کے بارے میں ایک سوال پر اڈوانی نے جواب دیا کہ غلط حکمرانی ‘ رشوت ستانی اور اس کی زیرقیادت حکومتوں کی مفلوج و منجمد پالیسیاں ہیں ۔ اڈوانی آج یہاں اپنی پارٹی کے ہیڈکوارٹرس پر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر سشما سوراج کے ساتھ اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے ہیں ۔