معظم جاہی مارکٹ میں آتشزدگی ، دوکان خاکستر

حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شہر کے مصروف ترین علاقہ معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر آتشزدگی کے بعد شہر بھر میں سنسنی پھیل گئی اور دھماکہ و آتشزدگی کے بڑے واقع کی افواہیں گشت کرنے لگی تاہم ایک فائر انجن نے فوری مقام پر پہونچ کر آگ پر قابو پالیا ۔ اس آتشزدگی کے واقعہ میں ایک پان کی اور ایک چپل کی دکان جل کر خاکستر ہوگئے ۔ تاہم کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا ۔ اس خصوص میں انسپکٹر بیگم بازار مسٹر پربھاکر نے بتایا کہ اکثر اس علاقہ میں جہاں جن دو دوکانات کو نقصان پہونچا ہے ان کے قریب واقع ٹرانسفارمر سے چنگاریاں آتی رہتی ہیں اور مقامی افراد ہی ریتی کے ذریعہ اس پر قابو پالیا کرتے ہیں ۔ لیکن آج اس آگ نے دو دکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ تاہم پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ آگ لگنے کی کوئی اور وجہ بھی ہوسکتی ہے ۔ تاہم ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا یہ کہنا ہے کہ شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ پولیس نے فوری اقدامات کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور برقی اور آتش فرو محکمہ کو رپورٹ روانہ کردی ہے ۔۔