استغفار اور آہ و زاری کی تلقین، بیدر میں نماز استسقاء، علماء کا خطاب
بیدر۔30؍اگست ۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ہزاروں کی تعداد میں آج مسلمانوں نے عیدگاہ محمدآباد بیدر میں نمازِ استسقاء مولانا مفتی محمد عبدالجلیل کی امامت میں ادا کی ۔اس موقع پر جناب سید منصور احمد قادری انجینئر معتمد کُل ہند جمعیۃ المشائخ شاخ بیدر نے اپنے پُر اثر خطاب میں کہا کہ قحط معصیت اور ہماری ہی نافرمانیوں کا سبب ہے ۔ایسی حالت میں استغفار کی اشد ضرورت ہے۔ہماری جانب سے دعا استغفار اور آہ و زاری اور تواضع و خاکساری جاری ہوگا تو ربِ کریم کی بارگاہِ کریم سے نوازشیں ہی نوازشیں ہوں گی۔ اور اللہ کی رحمت کی بارشوں کا نزول ہوتا ہے ۔نمازِ استسقاء اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔جناب سید منصور احمد قادری نے زور دے کر کہا کہ احکاماتِ خداوندی کے تابع اپنی زندگی گزاریں ‘اللہ اور رسولؐ نے جن کاموں کو کرنے کاحکم دئیے ہیں انھیںانجام دیں ۔ اور جن کاموں سے منع کئے ہیں ان سے باز رہیں ‘اسی میں ہماری کامیابی و کامرانی ہے ۔جب بندے کو مصیبت درپیش ہو تو کتاب اُللہ اور سنتِ رسول ؐکے دامن کو تھام لیں۔مولانا مفی عبدالجلیل نے اپنے خطاب میںبتایا کہ قحط اسی کا نام نہیں کہ بارش نہ ہو ‘بعض قحط یہ ہے کہ بارش ہو لیکن زمین پر کچھ نہ اُگے۔استسقاء اصل میں دعااور گناہوں سے معافی چاہنا یا مغفرت کی درخواست کرنا ہے ۔موجودہ دور میں ابر آلود ہے مگر بارش نہیں ہورہی ہے‘ جس کی وجہ سے سارے لوگ پریشان حال ہیں ۔جنگل اور کنویں ‘تالاب ‘نہر سوکھ گئے ہیں ۔استسقاء طلب بارش کو کہتے ہیں ۔اور اصطلاع میں خشک سالی کے وقت اللہ تعالی سے مخصوص طریقے کے ذریعے بارش کو طلب کرنے استسقاء کہتے ہیں ۔مولانا نے نمازِ استسقاء کی تفصیلات پر جامع روشنی ڈالی ۔اوررقت انگیز دعا فرمائی۔صبح کی اولین ساعتوں سے شہر کے تمام گلی کوچوں اور محلہ جات سے ضعیف ‘نوجوان‘ معصوم بچے گروپ کی شکل میں جامع مسجد بیدر جمع ہوکر کُل جماعتی مرکزی جلوس و نمازِ استسقاء کی ادائیگی کیلئے عیدگامحمد آباد بیدر روانہ ہوا ۔جلوس براہ جامع مسجد ‘گاوان چوک‘ مسجدِ قدمِ رسولؐ‘چیتہ خانہ‘مسجدِ عثمانیہ‘مکی مسجد اندرون شاہ گنج دروازہ ‘سواران مندوزی‘مسجدِ الہی سرکل‘ڈپٹی کمشنر دفتر ‘سے ہوتے ہوئے عیدگاہ محمد آباد بیدر پہنچ کر بارگاہِ رب العزت میںسر بہ سجودہوکررحمتوں والی بارش کیلئے ہزاروں فرزندانِ توحید نے دعا کی ۔جلوس کی شکل میں لوگ اپنے پالتو جانوروں اور معصوم بچوں کو عیدگاہ لائے تھے ۔ایس پی بیدر کی نگرانی میں پولیس کے وسیع تر انتظامات دیکھے گئے ۔