حیدرآباد ۔ 2 ۔جولائی (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے ایک نامراد عاشق کو گرفتار کرلیا جس نے انتقامی کارروائی کے طور پر اپنی معشوقہ کو بذریعہ ای میل اور فون فحش مواد بھیج کر اسے ہراساں کر رہا تھا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس کرائمس شریمتی جانکی شرمیلا نے بتایا کہ 22 سالہ ایم وینکٹا ناگیندر بابو متوطن ضلع پرکاشم اپنی سابقہ معشوقہ جو ڈی آر کے انجنیئرنگ کالج میں ایم ٹیک کی تعلیم حاصل کر رہی ہے، کو 27 مارچ سے اس کے موبائیل فون اور ای میل پر انتہائی قابل اعتراض مواد اور ایس ایم ایس روانہ کر رہا تھا ۔ اتنا ہی نہیں ناگیندر بابو نے اپنی معشوقہ کو ہراساں کرنے کی غرض سے فیس بک پر ایک صفحہ بھی بنایا جس کے ذریعہ وہ لڑکی کی کردار کشی کرتے ہوئے اس کا موبائیل فون نمبر بھی اپ لوڈ کیا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس نے آئی پی ایڈریس کے ذریعہ ناگیندر بابو کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی اور اسے گرفتار کر کے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ وہ درخواست گزار لڑکی سے محبت کرتا تھا اور دونوں کے درمیان کئی مہینوں تک دوستی قائم کی لیکن شادی کی پیشکش پر لڑکی نے صاف انکار کردیا۔ انتقامی کارروائی کے طور پر اس نے ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعہ ہراساں کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے دو موبائیل فون ، سم کارڈ جو جرم میں استعمال کئے گئے تھے ، ضبط کرلیا۔