ایک نامراد عاشق گرفتار، ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 10 جولائی (سیاست نیوز) ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ کی سائبر کرائم پولیس نے ایک نامراد عاشق کو گرفتار کرلیا جس نے اپنی سابقہ معشوقہ کو فحش ایس ایم ایس کے ذریعہ کردارکشی میں ملوث ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ 23 سالہ بی لوکیش ساکن باغ عنبرپیٹ سال 2011ء میں ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران اس کی دوستی اپنی ساتھی طالبہ سے ہوئی تھی اور وہ 3 سال تک دوست رہے۔ دوستی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوکیش نے اپنی معشوقہ کو شادی کی پیشکش کی لیکن لڑکی نے اس سے انکار کردیا اور بعدازاں ایک ماہ قبل دوسرے شخص سے شادی کرلی۔ شادی کی اطلاع ملنے پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے نامراد عاشق نے اپنی سابقہ معشوقہ کو فحش ایس ایم ایس کے ذریعہ کردارکشی کی اور اس کے شوہر کو بھی اس سلسلہ میں دھمکایا اور کالج کے دور کے تصاویر بھی روانہ کئے۔ ازدواجی زندگی میں خلل پیدا کرنے اور کردارکشی میں ملوث لوکیش کو سی سی ایس کی سائبرکرائم پولیس نے گرفتار کرلیا اور اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا۔