معذور بیٹے کی گریجویشن پر بوڑھا باپ مسرور

صنعا ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں بزرگ والد نے معذور اور نابینا بیٹے کو کمر پر لاد کر تعلیم دلوائی اور بالآخر بیٹے نے گریجویشن مکمل کرلیا۔ معذور بیٹے کی گریجویشن پر بوڑھے یمنی کے چہرے پر طمانیت اور مسرت عیاں تھی جس کی تصویر بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ عرب ٹی وی کے مطابق سوشیل میڈیا پر وائرل تصویر میں ایک معمر شخص اپنے جواں سال معذور بیٹے کو اپنی کمر پر لادے جارہا ہے۔ معذور گریجویٹ نوجوان کے والد کے چہرے پر جنگ سے متاثر ہونے کے آثار نمایاں ہیں مگر اس کے چہرے پر بیٹے کی تعلیمی کامیابی پر خوشی اور طمانیت بھی صاف دکھائی دیتی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر کو غیرمعمولی طور پر سراہا اور پسند کیا گیا ہے۔