معذورین کو وظائف کی عدم اجرائی پر سدرن کیمپ

محبوب نگر ضلع کلکٹر سری دیوی کا اخباری نمائندوں سے خطاب
محبوب نگر 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آسرا اسکیم کے تحت مستحق معذورین کی شناخت کیلئے تمام اسمبلی حلقہ جات میں سدرن کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس کی اطلاع ضلع کلکٹر سری دیوی نے کلکٹریٹ میں منعقدہ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دی۔ مستحق معذورین کو وظائف کی عدم اجرائی کی شکایت پر 6 فروری تا 25 فروری سدرن کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ کیمپ کی نگرانی کیلئے ضلع ہاسپٹل کے کوآرڈی نیٹر اور پی ڈی، ڈی آر ڈی اے کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ آرتھو سے متاثرہ معذورین کیلئے تمام منڈلس میں دو روزہ کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔ اسی طرح معمر افراد کے وظائف کے تعلق سے بھی شکایتیں وصول ہی رہی ہیں۔ ایسے افراد کو منڈل سطح پر درخواست دینے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تاڑی اور بنکر مزدوروں سے بھی درخواستیں وصول کرنے کیلئے متعلقہ ایم پی ڈی اوز کو ہدایات دی گئی ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت رقومات کی ادائیگی کے طریقہ کار کو تبدیل کرتے ہوئے رقم کو راست مزدور کے کھاتے میں کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ابھی تک یہ رقومات پوسٹ آفس اور آئی سی آئی سی آئی بینکوں کے ذریعہ دی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری دواخانہ محبوب نگر میں حالیہ پیش آئے رشوت طلبی کے واقعہ پر ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کو تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی۔ 4 ملازمین کو معطل اور زچگی وارڈ کے ڈاکٹر کو میمو دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے سدرن کیمپ سے استفادہ کرنے عوام سے اپیل کی۔