معذورین کو جی ایس ٹی راحت دی جائے :راہول

نئی دہلی3جولائی (یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے معذورین کے استعمال کے سامان پر اشیا اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) لگانے کے فیصلے کو مودی حکومت کی بے حسی قرار دیتے ہوئے آج مطالبہ کیا کہ معذور افراد کے استعمال کے سامان کو ٹیکس سے آزاد کیا جانا چاہئے ۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا ”معذور افراد کا سہارا وہیل چیئر اور بریل ٹائپ رائٹر پر جی ایس ٹی لگانے کے فیصلے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ حکومت معاشرے کے سب سے کمزور طبقے کے تئیں کس حد تک بے حس ہے ”۔کانگریس کے نائب صدر نے معذور افراد کے سہارا کے لئے استعمال میں لائے جانے والے تمام سامان پر جی ایس ٹی فوری طور پرختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ”اس فیصلے سے لاکھوں معذوروں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لہذا کانگریس پارٹی اس’معذور ٹیکس’ کو مکمل طور سے واپس لینے کی مانگ کرتی ہے ”۔واضح ر ہے کہ جی ایس ٹی کونسل نے نابیناؤں کے استعمال کئے جانے والے بریل ٹائپ رائٹر اور بریل کاغذ پر 12 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح سے جن لوگوں کو سنائی نہیں دیتا ہے ان مدد کرنے والے آلات ‘ھیرنگ ایڈ’ پر بھی 12 فیصد جی ایس ٹی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وہیل چیئر وغیرہ سامان پر پانچ فیصد جی ایس ٹی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مسٹر گاندھی نے جی ایس ٹی لاگو کئے جانے سے پہلے الزام لگایا تھا کہ مودی حکومت نے بغیر تیاری کے اپنے پروموشن کے لئے آدھے ادھورے جی ایس ٹی لاگو کیا ہے ۔