معذورں کا عالمی دن: غزہ کے 38 ہزار معذور عالمی توجہ کے طلبگار

غزہ2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین سمیت دنیا بھر میں چہارشنبہ 2 دسمبر کو معذوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ یہ دن ایک ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب فلسطین کے مختلف شہروں بالخصوص جنگ سے تباہ حال غزہ پٹی میں صہیونی دہشت گردی کے نتیجے میں 38 ہزار معذور افراد عالمی برادری کی توجہ کے مستحق ہیں اور اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں۔غزہ کی پٹی میں معذوروں کے حقوق کی آواز دنیا بھرتک پہنچانے کے لیے وزارت بہبود آبادی کے زیراہتمام ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں معذور شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد کو بھی شریک کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری وزارت بہبود آبادی یوسف ابراہیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم لکڑ یا پتھر نہیں بلکہ انسان ہیں۔ اگر ہم جسمانی معذور ہیں تو اس سے فرق نہیں پڑتا۔ انسان کی حیثیت سے ہم بنیادی انسانی حقوق کے اتنے ہی مستحق ہیں جتنے کے صحت مند اور تندرست افراد ہیں۔ابراہیم یوسف نے معذور افراد کے اہل خانہ اور ان کی کفالت کرنے والے شہریوں کی ہمت، حوصلے اور جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ معذور اور ان کے اہل خانہ سب داد تحسین کے مستحق ہیں۔