معتمرین کیلئے ناقص انتظامات کی شکایت

ٹراویل ایجنسی کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ
حیدرآباد ۔24 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) میر چوک پولیس نے آج اکبر ٹراویلس واقع دیوان دیوڑھی کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹراویلس کی جانب سے حج و عمرہ کیلئے بھیجے گئے قافلہ کو ناقص رہائش و طعام کے انتظامات کے علاوہ دیگر معتمرین کو اطمینان بخش جواب نہ دینے پر کرنول اور کڑپہ سے تعلق رکھنے والے 30 افراد نے میر چوک پولیس سے آج رجوع ہوکر ایک شکایت درج کروائی۔ انسپکٹر میر چوک مسٹر یادگیر ریڈی نے بتایا کہ معتمرین نے اکبر ٹراویلس کے انتظامیہ کے خلاف ایک شکایت درج کرائی ہے جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ حج و عمرہ کیلئے رقومات کے حصول کے باوجود بھی انہیں سعودی عرب نہیں بھیجا گیا اور اس سلسلہ میں اطمینان بخش جواب دینے سے قاصر ہے۔ پولیس نے اکبر ٹراویلس کے پراپرئٹر مجاہد اور عرفان کے خلاف ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ قبل ازیں معتمرین کے ایک گروپ نے اکبر ٹراویلس دیوان دیوڑھی کے روبرو احتجاج بھی منظم کیا۔