معتمد خارجہ سجاتا سنگھ کی حامد کرزئی سے ملاقات

کابل ۔ 31 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانے میں فراہم کی گئی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے ایک روز بعد معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے آج صدر افغانستان حامد کرزئی اور دو صدارتی امیدواروں سے ملاقات کی ۔ یاد رہے کہ 23 مئی کو ہندوستانی قونصل خانے پر حملے کے بعد سجاتا سنگھ کل ہیرات کے لئے روانہ ہوئی تھیں تاکہ وہاں موجود صورت حال کا جائزہ لے سکیں۔ انھوں نے حامد کرزئی کے علاوہ دو صدارتی امیدواروں عبداﷲ عبداﷲ اور

اشرف غنی سے دارالحکومت میں ملاقات کی جہاں اہم اُمور پر بات چیت کی گئی جن میں افغانستان میں ہندوستانی اثاثوں اور تنصیبات کا تحفظ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان میں جمہوری طرز حکومت کو پہلی بار متعارف کرواتے ہوئے 14 جون کو صدارتی انتخابات منعقد شدنی ہیں جہاں اہم مقابلہ سابق وزیر خارجہ عبداﷲ عبداﷲ اور عالمی بنک کے سابق ماہر معاشیات اشرف غنی کے درمیان ہوگا اور اس طرح حامد کرزئی کے جانشین کو منتخب کرتے ہوئے ملک میں پہلی بار جمہوری طرز پر اقتدار کی منتقلی عمل میں آئے گی ۔