کٹھمنڈو۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اپنے کثیر جہتی اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات نیپال کے ساتھ مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور نیپالی عوام کی امن اور استحکام کیلئے آرزوؤں کی تائید کرتا ہے۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے آج نیپال کے سینئر سیاسی قائدین سے ملاقات کے دوران اس کا ادعا کیا۔ انہوں نے معتمد خارجہ نیپال شنکر داس بیراگی، صدرنشین دستور ساز اسمبلی سبھاش چندر ہیم وانگ اور وزیر خارجہ مہیندر پانڈے سے ان کے دفاتر پر ملاقات کی۔ ان کے دو روزہ دورۂ نیپال کا آج پہلا دن تھا۔ انہوں نے یو سی پی این، ماؤسٹ کے صدر پرچنڈا اور نائب صدرنشین بابو رام بھٹا رائے کے ساتھ بھی نیپال کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ہیم وانگ نے معتمد خارجہ سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سیاسی پارٹیاں نئے دستور کے حساس مسائل کے بارے میں اتفاق رائے کریں گی۔ بیراگی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کے گزشتہ سال نومبر کے دورۂ نیپال کے موقع پر معلنہ ایک ارب امریکی ڈالر قرض کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ جئے شنکر نے سلامتی کونسل کی ہندوستانی امیدواری کو نیپال کی تائید کی بھی خواہش کی۔ ان کی ملاقات صدر نیپال رام برن یادو اور وزیراعظم سشیل کوئرالا اور دیگر قائدین سے بھی مقرر ہے۔