لاہور۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کو معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی پر وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے پاکستان کپ میں شرکت سے روک دیا۔ پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یونس خان نے پاکستان کپ میں امپائرنگ پر اعتراض کیا لیکن میچ ریفری کی جانب سے نوٹس جاری کرنے پر اس کو وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے احتجاجی طور پر ٹورنمنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔ پاکستان کپ میں یونس خان خیبر پختونخوا ٹیم کی قیادت کررہے تھے جہاں اپنے پہلے میچ میں حریف ٹیم اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ قرار نہیں دینے پر ناقص امپائرنگ کی نشاندہی کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پنجاب کے خلاف دو رنز سے کامیابی کے باوجود اعتراض کیا تھا۔ میچ ریفری نے امپائرکی شکایت پر یونس خان کو نوٹس جاری کیا تھا جبکہ میچ ریفری نے انھیں میچ فیس کا 50 فی صد جرمانہ عائدکیا جس کے بعد وہ احتجاجاً ٹورنمنٹ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ یونس خان نے بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سے فون پر بات کی اور اپنے رویے پر معافی مانگی اور پاکستان کپ میں خیبرپختونخوا کی دوبارہ نمائندگی کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ بورڈ کے مطابق یونس کے متبادل کے طورپر دوسرے کھلاڑی کو کے پی کے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور کھیل کے مفاد کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان کو ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ معاہدے کی خلاف ورزی پر وجہ بتاو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز کے اندر وضاحت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پی سی بی چیئرمین شہریارخان نے کہا کہ ‘یونس نے پاکستان کرکٹ کے لئے عظیم خدمات دی ہیں اور نوجوانوں کے لئے حقیقی رول ماڈل ہیں لیکن یہ فیصلہ بڑی دردمندی سے کیا کیونکہ کھیل سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے۔