معاشرے میں استاد کا خاص مقام: ریونت ریڈی کا خطاب

کوڑنگل ۔ 23 ۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فرض شناس اور محنت کش عہدیدار ہمیشہ محکمہ کیلئے مشعل راہ ثابت ہوتے ہیں ، وہ اپنے کارناموں کے ذریعہ اپنی شناحت چھوڑجاتے ہیں۔ ان کی سبکدوشی کے بعد بھی ان کی کارکردگی پیچھے آنے والوں کی رہنمائی کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی کوڑنگل مسٹر اے ریونت ریڈی نے شری ویریندر جی منڈل ایجوکیشن آفیسر بمرس پیٹ کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کے موقع پر کیا ۔ اور ویریندرجی کو ایک کامیاب استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ قدیم زمانے سے ہی انسانی معاشرے میں دنیا کے ہر ملک و قوم میں استاد کو ایک خاص مقام اور خصوصی درجہ حاصل رہا ہے ۔ کیونکہ استاد مرشد یا گرو کی بارگاہ میں نسل انسانی کے مستقبل کی پرورش ہوتی ہے ۔ یعنی اساتذہ قوموں کے ماضی ، حال اور مستقبل کے معمار رہے ہیں ۔ اساتذہ سے حقیقی محبت اور قلبی تعلق پیدا کرنا طالب علم کا فریضہ ہے ۔ آج ویریندر جی کی سبکدوشی محکمہ میں ایک خلا پیدا کررہی ہے ۔ موصوف نے مزید کہا کہ ملک کے وزرائے اعظم ، صدور جمہوریہ و دیگر جلیل القدر ہستیاں کوئی اور نہیں ہیں یہ تمام حضرات دیہی مقامات میں واقع سرکاری مدارس کے ہی فارغ التحصیل ہیں ۔ منڈل رسورس سنٹر بمرس پیٹ کے احاطہ میں منعقدہ رنگارنگ وداعی تقریب میں ویریندر جی کو تہنیت پیش کی گئی جہاں پر بیشتر مدارس کے اساتذہ و طلباء کی جانب سے بکثرت گلپوشی کی گئی اس پروگرام میں موجود اہم شرکا میں یم پی پی منگماں ، زیڈ پی ٹی سی ممبر جوتی ریڈی، سرپنچ کویتا ، یم پی ٹی سی نیلماں ، ٹیچرس یونین صدور مسرز رادھا کرشنا ، رویندر گوڑ ، بسپا ، وینکٹیش ، چندراشیکھر ، انیل ، رام ریڈی وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔