کڑپہ /14 اکٹوبر ( ذریعہ فیاکس ) بزم حسان : اصلاح معاشرہ کمیٹی کے زیر اہتمام کڑپہ اسلامک ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے چھٹواں سالانہ طرحی مشاعرہ مصرع طرح ’’ ہر کسی قوم کی شوکت پہ زوال آتا ہے ‘‘ بمقام مدرسہ جامعتہ الصالحات ، کڑپہ میں منعقد ہوا ۔ مہمانوں کا تعارف کنوینر سید شکیل احمد شکیل نے کیا ۔ مشاعرہ کا آغاز مولانا سرفراز عالم ندوی کے تلاوت کلام پاک اور مولانا عبدالودود ندوی کی نعت شریف سے ہوا ۔ مولانا شیخ اکبر علی رشادی ، ناظم بزم حسان و صدر کڑپہ اسلامک ویلفیر سوسائٹی کڑپہ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ ایک انسانی عمارت ہے معاشرتی تعلقات سے اس کے زندہ عناصر تشکیل پاتے ہیں ۔ معاشرہ میں شعراء کا ایک تعلیم یافتہ اعلی طبقہ ہے جو اپنے تلوار جیسے نوک قلم سے معاشرہ میں اصلاح پیدا کرسکتا ہے ۔ مشاعرہ کی صدارت جناب شیخ اسحاق علی ، ڈائرکٹر کڑپہ اسلامک ویلفیر سوسائٹی نے کی اور کہا کہ یہ ادارہ پچھلے 30 سال سے دعوت دین اصلاح معاشرہ اور خدمت خلق کے مقاصد کے تحت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے ۔ مدرسہ جامعتہ الصالحات نسواں کڑپہ ، آندھراپردیش کے رائلسیما علاقہ کا ایک مشہور و معروف دینی ادارہ ہے جہاں دینی و عصری تعلیم دی جاتی ہے ۔ جامعتہ الصالحات نسواں ، کڑپہ کا علمی تحقیقی دعوتی و اصلاحی سہ ماہی مجلہ ، ندائے صالحات ، پابندی سے شائع ہوتا ہوا دن بدن ترقی پارہا ہے ۔ اعزازی مہمانان جناب قاسم علی خان ، اردو والے نے بتایا کہ دینی تعلیم عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ جناب محمود شاہد نے کہا کہ شعراء مطالعہ اور محنت سے کام لیں ۔ سستی شہرت کے پیچھے مت بھاگیں ۔ ایک تخلیق کار کو تخلیق ہی زندہ رکھتی ہے ۔ ’’ ریاستی بیسٹ اردو ٹیچر ‘‘ ایوارڈ یافتگان شفیع اللہ خ ان ، سینئیر ڈائیٹ لکچرر ، رائچوٹی نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں ۔ طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے مجموعی ترقی کا ضامن بنیں ۔ کہنہ مشق اور نوجوان شعراء ستار فیضی ، عبید صدیقی ، امام قاسم ساقی ، سردار ساحل ، ڈاکٹر محی الدین امجد ، صادق ولی ، خلیل خان ، صدیق بابا فاکر ، سعید خان ، مقبول ، انور ہادی ، سید شکیل احمد شکیل ، یونس طیب ، غیاث الدین شارب ، افتخار جمال ، محمد عمر ، دانش ، افسر کڑپوی ، ن م جالب ، جعفر امیر محبوب خان ، محمود شاہد اور مہمان شعرا دولت مدراسی ، شاہد مدراسی ، مشاعرے میں شرکت فرماکر اپنے کلام سے سامعین کومحظوظ کئے ۔ اجلاس میں ’’ بیسٹ اردو ٹیچر ، ایوارڈ یافگان شفیع اللہ خان ، فریدہ ، امام قاسم ، محمد اکرم ، سبھان کی خدمت میں تہنیت پیش کی جائے گی ۔ ہدیہ تشکر جناب ڈاکٹر مختر احمد نے پیش کئے ۔ مشاعرہ کے ناظم ڈاکٹر محی الدین امجد ، کنوینر سید شکیل احمد شکیل رہے ۔