معاشرہ میں اساتذہ کو خصوصی مقام حاصل

کوڑنگل 20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے نمائندہ منڈل ممبرس پیٹ میں اُردو میڈیم اپر پرائمری اسکول میں سیلف گورنمنٹ ڈے و اسکول ڈے پروگرام کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ پہلے مرحلہ میں طلباء و طالبات نے بحسن و خوبی اساتذہ کا کردار ادا کرتے ہوئے جماعتوں میں درس و تدریس کا کام انجام دیا۔ ضلع کلکٹر کی حیثیت سے مس زیبا تمکین، ثمینہ بیگم مہتمم تعلیمات، آسیہ بیگم صدر منڈل پریشد، صباء بیگم منڈل ایجوکیشن آفیسر اور ثناء بیگم نے ہیڈ ماسٹر کے فرائض انجام دیئے۔ دوسرے مرحلہ میں مسٹر محمد خواجہ وحیدالدین ہیڈ ماسٹر مدرسہ ہذا کی زیرصدارت جلسہ منعقد ہوا۔ مسرز حافظ محمد یوسف صدر منڈل ٹی ڈی پی کوڑنگل، ویریندر جی منڈل ایجوکیشن آفیسر ممبرس پیٹ، وحید اسیر سینئر صحافی، پریسڈنٹ پی آر ٹی یو مسٹر رادھا کرشنا وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے تقاریر، نظمیں اور ڈرامہ پیش کئے۔ اس موقع پر حافظ محمد یوسف نے مخاطب کرتے ہوئے طلباء و طالبات کے بہترین مظاہرے پر مدرسہ کے ہیڈ ماسٹر و اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہاکہ قدیم زمانے سے ہی انسانی معاشرہ میں دنیا کے ہر ملک و قوم میں استاذ کو ایک خاص مقام اور خصوصی درجہ حاصل رہا ہے۔ کیونکہ استاد مرشد یا گرو کی بارگاہ میں نسل انسانی کے مستقبل کی پرورش ہوتی ہے۔ یعنی اساتذہ قوموں کے ماضی، حال اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ معاشرہ میں استاد کی اہمیت کے مدنظر ہر مذہب میں استاد کی عزت اور احترام کرنے کی تعلیم ملتی ہے۔ اساتذہ سے حقیقی محبت اور قلبی تعلق پیدا کرنا طالب علم کا فریضہ ہے۔ اس کے بغیر علم ناممکن ہے۔ موصوف نے مدرسہ کی کارکردگی کی ستائش کی اور اپنی جانب سے بیشتر طلباء میں اسکولی بیاگس فراہم کئے۔ درس و تدریس کے بہترین مظاہرے پر ………… بیگم کو انعام اول اور حسنیٰ بیگم کو انعام دوم سے نوازا گیا جبکہ درس و تدریس میں حصہ لینے والے تمام طلباء و طالبات میں ترغیبی انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ ویریندر جی نے مدرسہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ وحید اسیر نے ستائشی اشعار پیش کئے۔ ہیڈ ماسٹر خواجہ وحیدالدین نے صدارتی تقریر میں تمام مہمانوں اور اولیائے طلباء کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مدرس مدرسہ وسطانیہ دودھیال اُردو میڈیم غوثیہ زریہ کوثر نے بھی مخاطب کیا۔ اہم شرکاء میں صدر اسکول انتظامی کمیٹی شیخ گورے پاشاہ اور اراکین کمیٹی مسرز محمد افسر، خواجہ معین الدین، محمد کریم، محمد سلام، خواجہ پاشاہ، عبدالغفار، وحیدہ بیگم کے علاوہ دیگر مدارس کے صدور مدرسین و اساتذہ کی کثیر تعداد شریک تھی۔