مظفر پور جنسی اسکینڈل : اسسٹنٹ ڈائیریکٹر سمیت ۱۴؍ افسران معطل 

پٹنہ : مظفر پور کے گرلس شیلٹر ہوم میں جنسی استحصال کے معاملہ میں وزیر اعلی نتیش کمار کی خاموشی ٹوٹنے کے ایک دن بعد ہی کوتاہی برتنے والے افسران پر کارروائی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ان میں سماجی فلاح محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر ودیش کمار شرما بھی شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق ودیش شرما مظفر پور کے محکمہ تحفظ اطفال کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے عہدہ پر تھے ۔ودیش شرما نے ہی سارا معاملہ میں ا یف آئی آر درج کروائی تھی ۔

معطل کئے گئے افسران پر گرلس شیلٹر ہوم میں بد انتظامی کی اطلاع ہونے کے باوجود کارروائی نہ کرنے کا الزام ہے ۔یہ کارروائی محکمہ سماجی فلاح کے ڈائرکٹر راج کمار کی ہدایت پر کی گئی ہے ۔اسی دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر او رممبر پارلیمنٹ سی پی ٹھاکر نے کہا کہ مظفر پور کے گرلس شیلٹر ہوم میں جنسی استحصال کے اتنے بڑے واقعہ کا علم سماجی فلاح کے محکمہ کو نہیں ہونا تعجب کی بات ہے ۔یہ محکمہ لاپرواہی کا شکار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس محکمہ کے ذریعہ چلائے جارہے دیگر شیلٹر کی بھی جانچ کی جانی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ سماجی فلاح کی وزیر منجو ورما کو اس معاملہ کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدینا چاہئے ۔اسی دوران کا نگریس کے صدر راہل گاندھی نے بھی ا س معاملہ پر پر امن احتجاج کیا ۔انہوں نے موم بتی لیکر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔