مظفر نگر میں 70 فیصد ریکارڈ رائے دہی

مظفر نگر 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر لوک سبھا انتخابی حلقہ میں کل 70 فیصد کی ریکارڈ رائے دہی نوٹ کی گئی۔ فساد زدہ علاقہ میں رائے دہندے کثیر تعداد میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کے لئے قطاروں میں کھڑے تھے۔ اطلاعات کے بموجب علاقائی مجسٹریٹس نے کہاکہ بے گھر ہونے والے متاثرین فسادات کی رائے دہی پرانے مقامات پر 75 فیصد تھی۔ جبکہ دیگر متاثرین نے بازآبادکاری کے مقامات پر اپنا ووٹ استعمال کیا۔ ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے کہاکہ 72 فید رائے دہی ہوئی۔ 2 ہزار سے زیادہ رائے دہندوں نے فہرست رائے دہندگان میں بازآبادکاری کے مقامات پر اپنے نام درج کروائے تھے۔ اُنھوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ متاثرین کو بازآبادکاری کے مقامات پھوگنا، لنک، لسادھ، حسن پور، بہاؤڈی، قطبا اور قطبی سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان مراکز رائے دہی اور واپس اُن کے مقامات پر پہونچایا گیا۔ یہ وہ افراد تھے جو اپنے نام نئے مقام پر رائے دہندگان کی حیثیت سے درج نہیں کرواسکے تھے۔ متاثرین فسادات کے لئے جو بے گھر ہوگئے ہیں، خصوصی انتظامات اُن کے بازآبادکاری کے مقامات پر کئے گئے تھے۔ لیکن جو لوگ راحت رسانی کیمپوں میں رائے دہندوں کی حیثیت سے رجسٹرڈ نہیں تھے اُنھیں اُن کے آبائی دیہاتوں کو سخت حفاظتی انتظامات کے دوران منتقل کیا گیا۔ 65 سے زیادہ افراد مظفر نگر کے فسادات میں ہلاک اور 50 ہزار سے زیادہ بے گھر ہوگئے تھے۔