مظفر نگر فسادات :یو پی کے وزیر و ارکان اسمبلی کے خلاف وارنٹ

مظفر نگر 16 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مقامی عدالت نے آج اترپردیش کے وزیر سریش رانا ‘ سابق مرکزی وزیر سنجیو بالیان ‘ بی جے پی ارکان اسمبلی سنگیت سوم اور اومیش ملک اور دوسروں کے خلاف 2013 کے مظفر نگر فسادات کے ایک مقدمہ میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دیدی ہے ۔ اڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ مدھو گپتا نے کل تازہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے اور ملزمین سے کہا ہے کہ وہ 19 جنوری 2018 کو عدالت میں حاضر ہوں ۔ ایس آئی ٹی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ایس آئی ٹی نے یو پی حکومت سے اجازت طلب کی تھی کہ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 153A کے تحت مقدمہ چلانے کی اجازت دی جائے کیونکہ انہوں نے نفرت انگیز تقاریر کی تھیں۔ ریاستی حکومت نے ایس آئی ٹی کو مقدمہ چلانے کی اجازت دیدی تھی ۔ یہ الزام ہے کہ ملزمین نے ایک مہا پنچایت میں حصہ لیا تھا اور اپنی تقاریر کے ذریعہ تشدد کیلئے اکسایا تھا ۔ یو پی حکومت نے پہلے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت نہیں دی تھی ۔