مظفرنگر ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مظفرنگر لوک سبھا حلقہ انتخاب میں آج رائے دہی کا آغاز ہوا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 50 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جہاں گذشتہ سال فرقہ وارانہ فسادات سے متاثر افراد نے بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال ستمبر میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران زائد از 250 افراد بے گھر ہوگئے تھے، انہوں نے آج موضع خام پور میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، جہاں وہ نئے تعمیر شدہ مکانات میں رہائش پذیر ہیں۔ اس موقع پر اجتماعی عصمت ریزی کا شکار چار خواتین نے بھی ووٹ دیا۔
اس وقت انہیں زبردست پولیس تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے یہ بات بتائی۔ مسٹر شرما نے مزید کہا کہ دوپہر 2 بجے تک 50 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی اور کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ یاد رہیکہ مغربی اترپردیش کے 11 اضلاع میں 10 لوک سبھا حلقوں بشمول فسادات سے متاثر مظفرنگر میں رائے دہی ہوئی۔