مظفرنگر فسادات کے ملزمین پر پابندی ضروری

نئی دہلی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل (یو) نے ان بی جے پی اور بی ایس پی امیدواروں کو لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کا مطالبہ کیا جو مظفرنگر فسادات کے مقدمات میں ملزم ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت کو موسومہ مکتوب میں جنتادل (یو) کے ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ ملزمین کو انتخابی مقابلہ میں حصہ لینے کی اجازت دینے سے متاثرہ علاقوں میں امن میں رخنہ پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مظفرنگر فسادات کے مقدمات میں جو ملزمین ہیں، انہیں بعض سیاسی جماعتوں نے لوک سبھا انتخابات میں امیدوار نامزد کیا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ مظفر قادر رانا (بی ایس پی) مظفرنگر سے اور حکم سنگھ (بی جے پی) کائرانا اور بھارت نیڈو سنگھ (بی جے پی) بجنور سے امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں مظفرنگر فسادات کے ملزم ہیں

اور انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے سے متاثرہ علاقوں میں امن و ضبط کا ماحول متاثر ہوگا۔ کے سی تیاگی نے کہا کہ ان امیدواروں کی نفرت انگیز تقاریر پھر ایک بار اترپردیش میں تشدد کو ہوا دے سکتی ہے۔ یہ بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں مظفرنگر میں فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں 67 افراد ہلاک ہوگئے۔ مختلف سیاستدانوں اور مذہبی قائدین کی اشتعال انگیز تقاریر کا بھی فسادات کو بھڑکانے میں نمایاں رول رہا۔ چیف الیکشن کمشنر کی توجہ سپریم کورٹ کے ظاہر کردہ احساسات کی سمت مبذول کراتے ہوئے تیاگی نے کہا کہ عدالت نے یہ کہا تھا کہ مظفرنگر فرقہ وارانہ تشدد کے مقدمات میں جن افراد کا نام بطور ملزم شامل ہے، انہیں سیاسی وابستگی کا لحاظ کئے بغیر فوری گرفتار کیا جانا چاہئے۔