نئی دہلی ۔ 17 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ نے مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم کے پیش کردہ مطالبات زر کو ’’اچھی طرح متوازن‘‘ اور ملک کی معاشی صورتحال کی ’’حقیقت پسند تصویر‘‘ قرار دیا۔ عبوری بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چدمبرم نے بہت جامع انداز میں گزشتہ 10 سال کے حکومت کے سماجی اور معاشی کارناموں کو پیش کیا ہے جن پر حکومت کو فخر ہے۔ وزیر فینانس کو متوازن مطالبات زر پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ان اقدامات کا حوالہ دیا، جن کا اعلان کیا گیا ہے جیسے طلباء کے لئے قرضہ جات اور مہارت کے فروغ کیلئے قرضے ایک عہدہ ، ایک وظیفہ قاعدہ کو جس کا اعلان بجٹ میں کیا گیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ اس سے جامع انداز میں مسائل کی یکسوئی ہوتی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہماری فوج ، عہدیدار اور فوجی اس کا خیرمقدم کریں گے ۔ اپوزیشن نے عبوری بجٹ بکواس قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی حکومت کا وداعی بجٹ ہے جو ہر محاذ پر ناکام رہی ہے اور اس کے پاس عوام کے سامنے پیش کرنے کچھ بھی نہیں ہے۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہا کہ یہ بجٹ عملی اعتبار سے بجٹ ہی نہیں ہے۔ مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم عالمی معیشتوں کے اعداد و شمار کے پس پردہ حقائق چھپا رہے ہیں۔ یو پی اے حکومت کے آخری بجٹ کو بکواس قرار دیتے ہوئے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ عبوری بجٹ میں کوئی نئی بات نہیں ہے،
اس میں یو پی اے حکومت کے 10 سالہ دور اقتدار کے کارنامے گنوائے گئے ہیں۔ سی پی آئی قائد ڈی راجہ نے کہا کہ ہمیں عبوری بجٹ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ نہیں کرنی چاہئے۔ انتخابات سے پہلے بعض چیزوں کا جوام پیش کیا گیا ہے اور بعض باتوں کے بارے میں مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو شدید بحران درپیش ہے اور آئندہ انتخابات کے بعد قائم ہونے والی حکومت کے لئے کئی چیلنج درپیش ہوں گے۔ بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی نے کہا کہ یہ برسر اقتدار پارٹی کا انتخابی منشور معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اپنے دس سالہ دور اقتدار میں حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔ معیشت کو درپیش حقیقی مسائل کی حکومت نے کوئی پرواہ نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی ایک چوتھائی آمدنی اخراجات کیلئے ہے ۔ چدمبرم پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی قائد نے کہا کہ ہر شخص حقائق سے واقف ہے اور ملک کی معیشت کو گہری نظر سے دیکھ رہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے بجٹ کو انتخابی ناٹک قرار دیا۔