حیدرآباد ۔ 27 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے علاقہ چمپاپیٹ میں ملاوٹی گھی تیار کرنے والی ایک کمپنی پر دھاوا کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ملاوٹی گھی اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 38 سالہ جی نٹراج اپنے آٹو ڈرائیور وی جوجی بابو کے ہمراہ ’’ستارہ ایگ مارک ‘‘ اصلی گھی برانڈ کے نام پر ملاوٹی گھی تیار کرکے اسے مارکٹ میں فروخت کررہا تھا۔ نٹراج علاقہ چمپاپیٹ میں ڈالڈا وناسپتی تیل اور کریم کی مدد سے ملاوٹی گھی تیار کرتے ہوئے اپنے آٹو ڈرائیور کی مدد سے مارکٹ میں فروخت کیا کرتا تھا۔ ملاوٹی گھی صحت کیلئے انتہائی مضر بتایا گیا اور اس کاروبار میں ملوث ہونے پر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے سنگارینی کالونی سعیدآباد کے قریب دھاوا کرتے ہوئے مذکورہ افراد کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ملاوٹی گھی برآمد کرتے ہوئے انہیں سعیدآباد پولیس اسٹیشن کے حوالہ کردیا۔