مضبوط حیدرآباد کا آج ممبئی سے مقابلہ

حیدرآباد۔5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل کے رواں سیزن میں خراب فارم سے گزر رہی تین مرتبہ کی چمپئن ممبئی انڈینس گزشتہ میچ میں چینائی پر کامیابی سے حوصلہ افزا ہے اورکل آئی پی ایل میں سرفہرست ٹیم سنرائزرس حیدرآباد کے خلاف بھی اسی اعتماد کو برقرار رکھ اپناموقف تبدیل کرنے کی کوشش کرے گی۔ روہت اپنی کپتانی میں تین بار ممبئی کو آئی پی ایل کا خطاب دلوا چکے ہیں، لیکن رواں سیزن ان کی ٹیم چار میں سے دو میچ ہار کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ اگلے میچ میں اس کی میزبانی کر رہی حیدرآباد چار میچوں میں تین جیت کر سب سے اوپر ہے ۔ اپنے گھریلو راجیو گاندھی بین الاقوامی اسٹیڈیم پر حیدرآباد مضبوط ہے جبکہ گزشتہ میچ میں اس نے دہلی کیپٹلس کو اسی کے گھریلو کوٹلہ میدان پر پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ لیگ کی مضبوط ترین ٹیم کے خلاف ممبئی کی کارکردگی ہر سیکشن میں قابل تعریف رہی اور اس نے 170 رن کا مضبوط اسکور بنا کر اس کا بخوبی دفاع کیا اور چینائی کو133 رن پر روک بھی دیا۔ اگر وہ اسی کارکردگی کو حیدرآباد کے خلاف دہرائے تو حیران کن نتیجہ حاصل کر سکتی ہے ۔ ممبئی کے پاس کوئنٹن ڈی کاک، سوریہ کمار یادو اور روہت ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں اس کے پاس آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور اسٹارکھلاڑی ہردک پانڈیا ہیں۔ وہیں کرونال پانڈیا اور کیرون پولارڈ لوورآرڈر پر ٹیم کے لئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ بولروں میں ٹیم کے پاس جسپریت بمراہ اور ہاردک کے طور پر اچھے فاسٹ بولر ہیں۔ دوسری طرف حیدرآباد اپنے میدان پر کامیاب رہی ہے اور اس نے یہاں راجستھان رائلس کو پانچ وکٹ سے اور رائل چیلنجرس بنگلور کو118 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی ہے ۔ ان دونوں ہی میچوں میں حیدرآباد کے اوپنروں نے کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑا اسکور کھڑا کیا تھا اور200 سے زیادہ کا اسکور کھڑا کیا۔