دھوکہ بازوں کی ٹولی گرفتار ، کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /8اگست (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فو رس ویسٹ زون ٹیم نے 6 رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا جو چاندی کے مصنوعی رنگ سے لیس سیپی کو نادر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ جی ہری کرشنا اپنے دیگر ساتھیوں 34 سالہ جی سریدھر ریڈی ، 24 سالہ جی سائی کرشنا ، 38 سالہ جی راما کرشنا ، 21 سالہ پی سائی منوہر اور 30 سالہ محمد حبیب کی مدد سے نقلی سیپی کو نادر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو ٹھگنے کی کوشش کررہے تھے ۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ مذکورہ افراد کو بولارم ایپا سوامی مندر کے قریب گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضے سے ایک سیپی برآمد کرلی گئی ۔ تفتیش کے دوران مذکورہ افراد نے ٹاسک فورس کو یہ بتایا کہ چاندی کے مصنوعی رنگ کی سیپی کو 3 کروڑ روپئے میں فروخت کرنا چاہتے تھے ۔ اس ٹولی کے سرغنہ جی ہری کرشنا نے کاروبار کے سلسلہ میں کریم نگر گیا تھا جہاں پر اس کی ملاقات شرت نامی شخص سے ہوئی جو 8 کیلو وزنی سیپی حوالے کیا اور بتایا کہ سیپی کو نادر ہونے کا دعویٰ کرکے کروڑہا روپئے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ سیپی کو ہری کرشنا نے حیدرآباد منتقل کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے 5 کروڑ روپئے میں فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ اور خواہشمند گاہک کیلئے سکندرآباد بولارم میں انتظار کررہے تھے کہ ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ گرفتار افراد کو ضبط شدہ سیپی کے ساتھ بولارم پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔