مصطفی الدین قتل کیس تحقیقات میں عدم پیشرفت ہائی کورٹ میں درخواست

حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) شیخ مصطفی الدین قتل کیس کی تحقیقات میں عدم پیش رفت اور ملزمین ہنوز پولیس چنگل سے باہر ہونے کے سبب حیدرآباد ہائی کورٹ میں درخواست مفاد عامہ دائر کی گئی ہے جس میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ کمسن طالب علم کو 9 اکٹوبر کے دن مہدی پٹنم گیاریسن کے نامعلوم فوجیوں نے زندہ جلا دیا تھا اور کمسن نے قبل از موت اپنا ایک بیان قلم بند کروایا تھا جس میں دو فوجیوں کے ملوث ہونے کی بات بتائی تھی ۔ اس سلسلے میں تحقیقات کے دوران 4 نومبر 2014 کو وہاں کے ایک لانس نائیک اپلا راجو نے اپنے آپ کو گولی مارکر خودکشی کرلی تھی جو اس قتل کیس میں پولیس کے شک کے دائرے میں تھا ۔ پولیس کی تحقیقات اطمینان بخش نہیں ہے اور فوجی عہدیدار کے عدم تعاون کے سبب درخواست مفاد عامہ دائر کی گئی ہے جس میں سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات اور اس قتل کیس کی تحقیقات کیلئے پولیس کو خصوصی اختیارات دئے گئے ۔ یہاں کے وکیل ایڈوکیٹ غلام ربانی نے یہ درخواست داخل کی ہے ۔