حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مولانا پیر سید شبیر نقشبندی محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم کی نمائندگی پر مثبت اقدام کرتے ہوئے عالم اسلام کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ ازہر شریف قاہرہ ( مصر ) کے دو ممتاز قراء کرام الشیخ السید یوسف ھندوئی اور الشیخ محمد سمیر رازق بلال جو کل 10 جولائی کی صبح 9 بجے حیدرآباد آئیں گے ۔ ان کے قیام کے دوران ان شیوخ کو ’ حکومت کا مہمان ‘ قرار دینے کا فیصلہ کیا ۔ چنانچہ چیف سکریٹری مسٹر راجیو شرما نے اس خصوص میں ضروری احکام آج جاری کئے ۔ اس اثنا مولانا پیر نقشبندی محرک قرآنی و روحانی مہم نے فرزندان توحید پر زور دیا کہ وہ اس مقدس مہم میں حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ خوش لحانی سے سماعت قرآن پاک ہو تو قلب انسانی میں روحانی کیفیت قرب الہی کا موجب ہوتی ہے ۔ مصر کے قراء کی آمد پر کل طیران گاہ شمس آباد پر حکومت کے پروٹوکول عہدیداروں کے علاوہ قرآنی مہم کے مولانا ابراہیم پاشاہ قادری پیرزادہ سید مرتضی نقشبندی کے علاوہ مختلف تنظیموں کے نمائندے مہمان قراء کا استقبال کریں گے ۔۔