مصر کے اشرف الکراغوئی ہندوستانی اسکواش ٹیم کے نئے کوچ

چینائی۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے اسکواش کوچ اشرف الکراغوئی 7 تا 16 اگست پولینڈ کے شہر بیلسکو ۔ بیالا میں منعقد شدنی عالمی جونیر چمپین شپ مقابلوں سے قبل ہندوستانی لڑکے اور لڑکیوں کی اسکواش ٹیم سے وابستہ ہوجائیں گے۔ ہندوستانی اسکواش کی خدمت کیلئے اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے اشرف کا تقرر کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ہندوستانی اسکواڈ کیلئے مصری کوچ کا تقرر کیا گیا ہے۔ اشرف جو مصر سے براہ راست ہند پہونچے ہیں، کہا کہ دونوں ملکوں کہ اسکواش کھیل میں فرق دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر میں جونیر اسکواش کھلاڑیوں کو یہ فائدہ حاصل ہے کہ ان پر توجہ دی جاتی ہے۔ ہر جونیر کھلاڑی کو تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے جس سے انہیں مہارت حاصل ہوئی ہے۔ اشرف نے کہا کہ ہندوستانی لڑکے اور لڑکیوں میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں، اچھی تربیت کی صورت میں وہ عالمی مقابلوں میں میڈلس حاصل کرسکتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی تمام پہلوؤں پر بہتری ضروری : ہولڈر
کنگسٹن۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے اپنی ٹیم پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے کھیل کی سطح کو مزید اونچا کریں اور دوسرے ٹسٹ کے دوران ہندوستان کے مقابلے پیدا شدہ فرق دور کیا جائے۔ مہمان ہندوستانی ٹیم نے اینٹیگا میں کھیلا گیا پہلا ٹسٹ میچ 92 رنز سے جیت لیا تھا۔ ہولڈر نے کہا کہ ’’ہمیں گزشتہ کھیل سے زیادہ بہتر کھیلنے کی ضرورت ہے۔ ہماری بولنگ زیادہ بہتر نہیں رہی تھی اور ہم نے زیادہ اچھی بیٹنگ بھی نہیں کی تھی۔ ہمیں ثابت قدمی پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بولرس کو ساجھیداروں کے ساتھ اچھی بولنگ کرتے ہوئے طویل وقت تک دباؤ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، لیکن گزشتہ کھیل میں ہم ایسا نہیں کرسکے تھے‘‘۔