قاہرہ 12 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر نے رفاہ سرحدی کراسنگ کو دوسری مرتبہ کھول دیا ہے ۔ غزہ کا یہ واحد غیر اسرائیلی بیرونی راستہ ہے جو باقی دنیا سے اسے مربوط کرتا ہے ۔ مصر کا کہنا ہے کہ وہ زخمی فلسطینیوں کو یہاں لانے اور غذائی اور طبی رسد عرب ممالک سے غزہ میں پہونچانے کیلئے یہ راستہ کھول رہا ہے ۔ اس سرحد کو جمعرات کو پہلی مرتبہ کھولا گیا تھا تاکہ وہاں سے 11 زخمی فلسطینیوں اور وہاں پھنسے ہوئے 392 مصریوں کو وہاں سے نکلنے کا موقع مل سکے ۔ اس سرحدی کراسنگ کو کل بند کردیا گیا تھا کیونکہ یہاں مصری سکیوریٹی فورسیس اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپ ہوگئی تھی ۔ مصری سکیوریٹی فورسیس نے غزہ پٹی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے بعد آج بھی اس سرحدی کراسنگ کو کھول دیا ہے ۔ خبر رساں ادارے مینا نے یہ بات بتائی ۔