مصر: نجی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر کو چھ ماہ قید کی سزا

قاہرہ۔ 28نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر کی ایک عدالت نے نجی ٹی وی چینل ’’قاہرہ اور لوگ‘‘ کے ایک پروگرام کی خاتون میزبان منی عراقی کو شو کے دوران گالم گلوچ، دروغ گوئی، الزام تراشی اور جھوٹی خبریں نشر کرنے کی پاداش میں چھ ماہ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق خاتون اینکر پر’’حمام باب البحر‘‘ نامی ایک مقدمہ میں جھوٹی خبریں نشر کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اسے اسی الزام کے تحت عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عدالت میں قائم مقدمہ میں پراسیکیوٹر کی جانب سے مدعی علیھا پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے اپنے ٹی وی شو میں ’’حمام باب البحر‘‘کیس میں 26 افراد پر غیر اخلاقی حرکات کرنے اور ازبکیہ عدالت سے اپنی بریت کے حق میں فیصلہ حاصل کرانے کا الزام عائد کیا تھا۔ خاتون اینکر کے وکیل شعبان سعید کا کہنا ہے کہ مدعیان نے ان کی موکلہ کے خلاف جھوٹ اور الزام تراشی کا ثبوت پیش نہیں کر سکے ہیں۔ نیز منی عراقی نے اس کیس سے متعلق پولیس کو بھی آگاہ کیا تھا۔