مصر میں 75 ارکان اخوان المسلمین کو سزائے قید

قاہرہ ۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)اخوان المسلمین کے 75 ارکان کو آج 5 سال سے لیکر عمر قید کی سزاء تک مختلف الزامات بشمول تشدد پر اکسانے اور سرکاری جائیداد پر حملہ کرنے کے الزام میں سنائی گئی۔ منصورہ کی فوجداری عدالت نے 24 افراد کو ان کے غیاب میں عمرقید کی سزا سنائی جبکہ دیگر 35 ارکان کو 5 سال کی سزائے قید سنائی گئی۔ 8 ملزموں کو جنہوں نے مقدمہ لڑا تھا، 10 سال کی سزائے قید اور دیگر 3 کو 15سال کی سزائے قید سنائی گئی۔ 3 افراد کو 7 سال کی اور دیگر دو افراد کو 3 سال کی سزائے قید دی گئی۔ جن افراد نے بے قصور ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مقدمہ لڑا تھا ان پر الزام ہیکہ انہوں نے ملازمین پولیس اور ججس کی 4 کاروں کو نذرآتش کیا تھا۔ وہ ایک دہشت گرد گروپ کے ارکان ہیں جو شہریوں کو تشدد کیلئے اور سرکاری اداروں پر حملوں کیلئے اکساتا ہے۔ اخوان المسلمین کے ہزاری مرسی حامی ارکان گرفتار کئے گئے ہیں اور ان پر فوج کی جانب سے مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ محمد مرسی کی حکمرانی کے خلاف ایرپورٹ پر ہزاروں افراد کے احتجاجی مظاہرہ کے بعد ایک فوجی بغاوت نے ان کو اقتدار سے بیدخل کردیا گیا تھا۔ گذشتہ سال مارچ میں اخوان المسلمین کے 529 ارکان کو ایک پولیس عہدیدار کے قتل کے الزام میں سزائے موت دی گئی تھی خود مرسی فی الحال قید میں ہیں اور ان پر پرامن احتجاجیوں کی 2011ء کے انقلاب کے دوران ہلاک کرنے کا الزام ہے۔