مصر میں 7 اِسلام پسندوں کو سزائے موت منسوخ

قاہرہ،13 جون (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی عدالت نے سات اِسلام پسند دہشت گردوں کی سزائے موت منسوخ کردی اور بدامنی کا شکار شمالی سینائی علاقہ میں 25 پولیس ملازمین کی ہلاکت سے متعلق مقدمہ کی ازسرنو سماعت کا حکم دیا۔ کریمنل کورٹ نے 2013ء میں شمال سینائی شہر رفاہ میں 25 پولیس ملازمین کی ہلاکت کے الزام میں عادل ہبارا اور 6 دیگر کو گزشتہ سال ڈسمبر میں سزائے موت سنائی تھی۔ 3 دیگر کو سزائے عمر قید ، 22 کو پندرہ سال جیل کی سزا سنائی گئی اور 3 کو بری کردیا گیا تھا۔ ان تمام پر اسلام پسند صدر محمد مرسی کی فوج کی جانب سے معزولی کے ایک ماہ بعد اگست 2013ء میں پولیس ملازمین پر گھات لگاکر حملہ اور انہیں ہلاک کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ ان پر القاعدہ کیلئے کام کرنے کا بھی الزام ہے۔