قاہرہ ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر میں وزیر اعظم ابراہیم مہلب کی قیادت میں ایک نئی کابینہ نے حلف لیا ہے جس میں فوجی فیلڈ مارشل عبدالفتح السیسی نے وزیر دفاع کا عہدہ برقرار رکھا ہے ۔ مہلب کو عبوری صدر عدلیع منصور نے پیر کو حاظم البیبلاوی کے حیرت انگیز استعفی کے بعد وزیر اعظم نامزد کیا تھا ۔ ملک میں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں جس میں امکان ہے کہ عبدالفتح السیسی کو کامیابی ملے گی ۔ نئے وزیر اعظم نے البیبلاوی کابینہ کے 20 وزرا کو برقرار رکھا ہے ۔ انہوں نے گیارہ نئے وزرا کو کابینہ میں شامل کیا ہے جن میں زیادہ تر ٹکنوکراٹس ہیں۔ نئی کابینہ کو ملک میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ عبوری صدر نے چہارشنبہ کو حکم جاری کیا تھا کہ وزیر دفاع کا فوجی عہدیدار ہونا ضروری ہے اور اس کا کم از کم پانچ سال میجر جنرل کے عہدہ پر فائز رہنا بھی ضروری ہے ۔