مصر میں مزید 700 اسلام پسندوں پر مقدمہ

محمد مرسی کے 529 حامیوں کو سزائے موت دینے والے جج پر استعفیٰ کیلئے زور
قاہرہ ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی عدالت میں اخوان المسلمین کے مزید 700 ارکان کے خلاف مقدمہ شروع کیا گیا ہے۔ گذشتہ دنوں معزول صدر محمد مرسی کے 529 حامیوں کو سزائے موت دینے کے حکم کے بعد وکلاء نے جج پر استعفیٰ کیلئے زور دیا ہے۔ مصر کے جنوبی صوبہ پینیا میں صرف دو سماعتوں کے بعد جج نے پیر کے دن غیرمعمولی سزائے موت کا اعلان کیا تھا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہیکہ اس طرح کے اجتماعی سزائے موت کے بے نظیر عدالتی فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کیلئے ایک اپیل داخل کی جائے گی۔

مصر کی عدالت کی جانب سے 529 اسلام پسندوں کو سزائے موت دیئے جانے کے فیصلہ کے خلاف بین الاقوامی سطح پر زبردست تنقید کی جارہی ہے۔ جولائی میں محمد مرسی کی فوج کی جانب سے بیدخلی کے بعد تقریباً 2ہزار اسلام پسندوں پر مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ ایک پولیس آفیسر کے قتل کے الزام میں مینیا مقام پر 1200 اسلام پسندوں کو اس قتل میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔