قاہرہ ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے عیدالاضحی کے پیش نظر آج الجزیرہ کے دو زیر قید صحیفہ نگاروں کو بھی دیگر 98 جہد کاروں کے ساتھ عام معافی دینے کا اعلان کیا جن پر متنازعہ قانون کے خلاف احتجاج کرنے اور ممنوعہ اخوان المسلمون گروپ کی تائید کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ صدارتی ترجمان علاء یوسف نے کہا کہ الجزیرہ کے دو صحافیوں محمد فہیمی اور بحر محمد بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہیں عام معافی دی گئی ہے۔ فہیمی کو گزشتہ ماہ تین سال کی سزائے قید دی گئی تھی۔ ان پر اخوان المسلمون میں شمولیت اور سرکاری ادارہ جات کے کام میں خلل اندازی شہری آزادیوں پر حملہ ، قومی اتحاد اور سماجی امن کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ اس مقدمہ کے ایک اور ملزم بحر محمد کو بھی تین سال کی سزا دی گئی تھی لیکن آج انہیں بھی معاف کردیا گیا۔