قاہرہ 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے مختلف صوبوں میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران فوج کی جانب سے کئی مقامات پر دھاوے کئے گئے جن میں تقریبا 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مصر کی فوج نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ فوج کی جانب سے شمالی سینائی کے شہروں کے علاوہ اسمعیلیہ ‘ پورٹ سعید اور دقاہلیہ گورنریٹس کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں جن میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں سینائی سے کام کرنے والے گروپ انصار بیت المقدس کے لیڈر حامد ابو فرید اور یوسف ابو عطا بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں 3 تا 9 اکٹوبر کی گئیں۔ فوجی ترجمان بریگیڈئیر جنرل محمد سمیر نے یہ بات بتائی ۔ سمیر نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کی جانب سے ان کارروائیوں کے دوران دیگر 36 عسکریت پسندوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چھ گاڑیاں اور 13 موٹر سیکلیں بھی ضبط کی گئیں جو دہشت گردوں کی جانب سے فوج کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کی جاتی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے تک جاری ان کارروائیوں میں 11 سرنگوں کو بھی تباہ کردیا گیا جو قاہرہ سے غزہ تک جاتی تھیں۔ اس دوران سرکاری خبر رساں ادارے مینا نے بتایا کہ فوج کی جانب سے جنلہ 1,813 اسمگلنگ سرنگوں کو تباہ کردیا گیا ہے جنہیں دہشت گرد استعمال کیا کرتے تھے ۔