مصر میں سید قطب ‘حسن البنا‘القرضاوی کی کتب پر پابندی

قاہرہ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام ) اخوان فوبیا کا شکار مصر کی فوج نواز حکومت نے اعتدال پسند مذہبی جماعت اخوان المسلمون کی صف اول کی قیادت کو پابند سلاسل کرنے کے بعد اب جماعت کے لٹریچر پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قاہرہ وزارت اوقاف و مذہبی امور نے اپنا ایک سابقہ حکمنامہ دوبارہ جاری کیا ہے جس میں مساجد کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اخوان رہنماوں حسن البناء ‘سید قطب شہید اور علامہ یوسف القرضاوی سمیت جماعت کے تمام رہنماوں اور انتہا پسند مذہبی لیڈروں کی کتاب ممنوع قرار دیں ۔ مصری وزارت اوقاف کے ایک ذریعہ نے بتایا ہے کہ مساجد کو یہ حکم اس لئے جاری کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ عرصہ میں مساجد کے زیر انتظام چھوٹے کتب خانوں میں اخوان رہنماوں سید قطب ‘حسن البنا اور یوسف القرضاوی سمیت کئی دوسرے رہنماوں کی کتب کی بڑی تعداد ضبط کی گئی تھی ۔ ان میں سے بعض کتب دوسرے مذہبی انتہا پسندوں کی تحریر کردہ بھی شامل تھیں جن میں جذبہ اور جہاد جیسے احکامات پر بحث کی گئی ہے ۔