قاہرہ۔10مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کم از کم دو عسکریت پسند آج اُس وقت ہلاک ہوگئے جب کہ ایک بم جواپنے ساتھ لے جارہے تھے مصر کے شہر فایوم میںدھماکہ سے پھٹ پڑا ۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتاہے کہ دہشت گرد ایک موٹر سیکل پر سوار تھے اور بم اُن کے ساتھ تھا جو نیچے گرپڑا اور دھماکہ سے پھٹ گیا ‘ جس کی وجہ سے ان افراد کے چیتھڑے اڑ گئے ۔ صیانتی ڈائرکٹریٹ فایوم کے ایک عہدیدار نے کہاکہ فوج فوری طور پر مقام حادثہ پر پہنچ گئی اور دیگر امکانی بموں کی تلاش شروع کردی گئی ۔مصر میں اسلام پسند سابق صدر محمد مُرسی کی 2013ء میں اقتدار سے بے دخلی کے بعد فوج اور پولیس پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ 500سے زیادہ فوجی اور ملازمین پولیس اب تک ہلاک ہوچکے ہیں ۔